مراد علی شاہ 19

وزیراعلی سندھ کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پرمبارکباد،امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اتوارکواپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلی سندھ نے کہاکہ سندھ میں ایسٹر مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار امید، محبت اور نئی شروعات کا پیغام دیتا ہے، جو معاشرے میں مثبت اقدار کے فروغ کا باعث بنتا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ سندھ میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور حکومت مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے جہاں رواداری، امن اور باہمی احترام کی روایات صدیوں سے قائم ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں