کراچی(رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے 5 لاکھ اور زخمیوں کے لئے 2 لاکھ روپے فی کس امداد دے۔
پیر کو وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو ایک اور خط لکھا ہے جس میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپے امداد دے، جب کہ زخمیوں کو دو لاکھ روپے فی کس دیے جائیں۔
وزیراعلی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا گیا ہے کہ سندھ میں مون سون بارشوں نے بڑی پیمانے پر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، بارشوں سے25 لاکھ افراد براہ راست بری طرح متاثر ہوچکے جب کہ 50 ہزار خاندان مشکل ترین صورتحال سےدوچار ہیں، وزیراعظم نے کراچی کا دورہ کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آپ کے دورہ کراچی نے مجھے خط لکھنے کا حوصلہ دیا۔
وزیراعلی سندھ نے وفاقی حکومت سے صوبے کے آبپاشی نظام کی بہتری کے لئے بھی مدد طلب کی اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور طوفانی بارشوں سےنہری نظام بری طرح متاثر ہے،عالمی ماہرین نے سندھ میں دریاں اور آبپاشی نظام کی بحالی کے لئے جامع پلان دیا ہے، تاہم صوبائی حکومت تنہا آبپاشی نظام کی بحالی کا کام نہیں کرسکتی، وفاقی حکومت سندھ میں دریاوں نہروں کےنظام کی بہتری کے لئے 43ارب روپے فراہم کرے۔