کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ریلیف سے متعلق بلاول بھٹو نے وفاق سے کچھ مطالبات کئے، کسانوں کو ریلیف دینے کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کوششیں کیں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ملک کو گندم کے بحران سے بچانے کے لئے کوششیں کی گئیں، وفاق نے سندھ حکومت سے تجاویز مانگی تھیں تاکہ گندم کی پیداوار بڑھائی جاسکے۔فوڈ سیکیورٹی سے متعلق مشکلات نہ ہوں اس حوالے سے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پیداوار بڑھانے کیلئے بروقت کھاد اور دیگر ضروریات پوری کرنا ضرور ی ہیں۔ہم نے گزشتہ سال جو گندم بچائی تھی وہ کام آئی ورنہ درآمد کرنی پڑتی، انہوں نے کہا کہ سندھ میں 8 سے 12 لاکھ ٹن کے درمیان گندم کی پیداوار کے حوالے سے فیصلہ ہوا، انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبوں کو اعتماد میں لئے بغیر آئی ایم ایف سے بات چیت شروع کی تھی۔
گزشتہ سال 4 ہزار روپے فی من قیمت مقرر کی تو ریکارڈ پیداوار ہوئی، رواں سال جب گندم کی قیمت مقرر نہیں کی تو پیداوار میں کمی کا سامنا رہا، انہوں نے کہا کہ کسانوں کو 14 ہزار روپے مالیت کی ایک بوری ڈی اے پی کھاد فراہم کریں گے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے سے کم نہیں ہونی چاہیے،کسان کو سپورٹ پرائس نہیں دیں گے تو وہ گندم کیسے لگائے گا؟ ہم چاہتے ہیں کسان کو ریلیف دیں تاکہ زیادہ گندم اگائی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کو 55.89 بلین روپے کا ریلیف پیکج فراہم کریں گے،سندھ حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کو مزید بہتر سہولیات دی جائیں۔