کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے رانی پور میں زائرین کی کوچ کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنانے اور تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔
انہوں نے متعلقہ اداروں سے حادثے کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے اس کی وجوہات جاننے پر زور دیا۔ وزیراعلی سندھ کو ابتدائی رپورٹ کے مطابق بتایا گیا کہ رانی پور روڈ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیونگ کے اصولوں پر عمل کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات نہ ہوں۔