علی امین گنڈاپور

وزیراعلی خیبرپختونخوا پی آئی اے کو خریدنے پر ڈٹ گے، پنجاب حکومت کی پسپائی

پشاور(رپورٹنگ آن لائن )قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر صوبائی حکومتوں کے مابین لفظی جنگ شروع ہوگئی ۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پی آئی اے کو خریدنے کے لیے ڈٹ گئے،کہا پی آئی اے کو کوڑیوں کے بھا نہیں بیچنے دیں گے ، ہم پی آئی اے کو خرید کر اسی نام سے چلائیں گے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی نے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، ائیر لائن کو اونے ہونے شریف فیملی خود خریدنا چاہتی ہے۔انہوںنے کہا قومی ایئرلائن کی بولی میں جہاں تک جانا پڑا جائیں گے، ہم چندہ ڈال کر پی آئی اے کو خریدیں گے لیکن انہیں نہیں خریدنے دیں گے۔ ۔

گنڈا پور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا بجٹ سرپلس ہے ہمارا ریونیو سو فیصد ہے۔ آئی ایف ایف کی رپورٹ پڑھ لیں، کے پی نے مقرر ہدف پورا کیا باقی تمام صوبے ناکام رہے، تمام صوبے خسارے میں جا رہے، خیبرپختونخوا سرپلس ہے۔انہوں نے کہا 9 نومبر کو صوابی میں اکٹھے ہوں گے اور جلسے میں قرارداد پاس کریں گے اور پھر آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قرارداد پاس کرکے صوابی جلسے کے بعد آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے، ہم نے فائنل کال دینی ہے، یہ نظام مزید تباہی کی طرف چل رہا ہے، فائنل کال دے کر پورے پاکستان کو بند کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ فائنل کال فیصلہ کن مارچ کی دینگے، پورا پاکستان نکلے گا اور اس حکومت سے جان چھڑائیں گے، ملک کی معیشت کا کباڑا نکال دیا ہے، سب ادارے بیچتے جارہے ہیں،اس مرتبہ سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس دو سرکاری ہیلی کاپٹر ہیں، ٹک ٹاک پر بڑی بڑی باتیں کرنے والے پیسے دیکر اشتہار چلاتے ہیں، آئی ایم ایف کی رپورٹ پڑھ لیں کے پی نے مقرر ہدف وصول کیا ہے باقی تمام صوبے ناکام ہیں، تمام صوبے خسارے میں ہیں صرف خیبرپختونخوا سرپلس ہے۔ اس سے قبل صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمی بخاری نے کہا تھا کہ حکومت پنجاب کا پی آئی اے خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں، ایئر پنجاب والا معاملہ گفتگو میں آیا تھا۔