لاہور(رپورٹنگ آن لائن )وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے رات گئے اندرونِ شہر کا دورہ کر کے موچی گیٹ اور دیگر گنجان آباد علاقوں میں بسنت انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سینئر صوبائی وزیر نے بازاروں میں فروخت ہونے والی کیوآر کوڈڈپتنگوں کے سائز اورچرخی کے بغیرکیوآرکوڈڈ ڈور کا موقع پر معائنہ کرتے ہوئے بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کی جانچ پڑتال کی ۔ دکانداروں اور شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار اور25 سال بعد بسنت فیسٹیول کی بحالی پر بھرپور خیرمقدم کیا ۔سینئر صوبائی وزیر نے محکمہ داخلہ ،پولیس، ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اور ریسکیو 1122 کوموقع پر فوری ہدایات دیتے ہوئے بسنت کے دوران ٹریفک روٹس اور متبادل راستوں کی موثر منصوبہ بندی کی ہدایات بھی جاری کیں۔
مریم اورنگزیب نے تمام انتظامات اور دئیے گئے اہداف کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوںنے کہا کہ بسنت سے لاہوریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں، یہ تہوار لاہور کی پہچان ہے،بسنت کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے ساری حکومتی مشینری متحرک ہے،وزیراعلی مریم نواز شریف خود ایک ایک انتظام کی نگرانی کر رہی ہیں،دورانِ بسنت کسی بھی افسوسناک واقعے سے بچنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے ،بسنت کے موقع پر شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے 519 بسیں، 60 ہزار رکشے، میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین مفت سروس فراہم کریں گی،بسنت کے دوران موٹر سائیکل سڑک پر لانے سے گریز کریں، غیر ضروری سفر سے پرہیز کیا جائے،
سیفٹی راڈ کے بغیر موٹر سائیکل سڑک پر لانے کی اجازت نہیں ہوگی،شہری اپنی موٹر سائیکل پر حفاظتی راڈ لازمی نصب کروائیں یا موٹر سائیکل گھر پر رکھیں،بسنت کے موقع پر شہری اپنی چھتوں کو محفوظ بنائیں اور حفاظتی انتظامات مکمل کریں،والدین اپنے بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح بنائیں،لاہوری ثابت کریں کہ وہ ذمہ داری کے ساتھ خوشی منانا جانتے ہیں ،محفوظ بسنت، ذمہ دار شہری، صاف فضاء لاہور کا خوبصورت پیغام دنیا کو دیں۔









