کوئٹہ (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخواراج کے 18 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کارروائیاں کرنے والے ہمارے بہادر سپاہی قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود قومی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی ۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے فورسز کی مسلسل کامیابیاں پوری قوم کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ کرتی ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے جوانوں کو ہر محاذ پر سرخرو کرے۔









