مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ کا عالمی یومِ امید پر پیغام

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ امید کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امید وہ چراغ ہے جو مایوسی، ناامیدی اور اندھیروں میں روشنی لاتا ہے اور یہی احساس فرد، خاندان اور معاشرے کی بہتری کا سبب بنتا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ معاشرے میں برداشت، بھائی چارے اور بہتری کے لیے ہمیں مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ ہماری نوجوان نسل پاکستان کے روشن مستقبل کی امید کی ایک کرن ہے اور سندھ کے نوجوان تبدیلی کے معمار ہیں۔ ہمیں انہیں رہنمائی، حوصلہ اور مواقع دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ امید کے موقع پر ہم سب کو چاہیے کہ اپنی مثبت سوچ کو عملی اقدامات میں بدلیں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کے لیے امید کا ذریعہ بنیں۔ چھوٹے اقدامات بھی بڑے فرق پیدا کر سکتے ہیں اور آج کسی کی زندگی میں امید کی شمع جلانا ایک بڑی خدمت ہوگی۔

سید مراد علی شاہ نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ علم، کردار اور خدمت کے ذریعے معاشرے میں امید پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت امید، امن اور یکجہتی کے وژن پر گامزن ہے۔ وزیراعلی سندھ نے اپیل کی کہ مل کر سوچیں، مثبت بنیں اور مستقبل کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ خیالات اور مکالمے سے مسائل کا حل نکلتا ہے، اور “سرکل آف ہوپ” جیسا مکالمہ ایک مثبت تبدیلی کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدمت، ہمدردی اور مکالمہ امید کو زندہ رکھتے ہیں۔ مشکل وقت میں بھی امید کا دامن نہ چھوڑیں، یہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔