امیرمقام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کوصوبہ کے معاملات پرتوجہ دینا چاہیے،وفاقی وزیر امیرمقام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرامورکشمیرانجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کوصوبہ کے معاملات پرتوجہ دینا چاہیے،پختونوں کو ورغلاکرکے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہاہے۔

بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انجینئرامیرمقام نے کہاکہ کرم کی صورتحال تشویشناک ہے، کرم خیبرپختونخوا کاایک ضلع ہے، ہم حالات کودیکھتے ہوئے گورنرکے ہمراہ کوہاٹ گئے اورگرینڈجرگہ میں شرکت کی، پشاورمیں آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی مگرافسوس کی بات ہے کہ وزیراعلیٰ اورپی ٹی آئی نے اس میں شرکت نہیں کی۔

انہوں نے کہاکہ صوبہ کے مسائل پرہم نے سیاست سے بالاترہوکر اقدامات کئے ہیں۔ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاترہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے، صوبہ میں قیام امن کی بنیادی ذمہ داری صوبہ کی ہے وفاق درخواست کرنے پراپناکرداراداکرسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ حق اورسچ کا ساتھ دیاہے، ہم نے خودکش حملوں کاسامناکیاہے۔ انہوں نے کہاکہ سادہ لوح پختونوں کو ورغلاکرکے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہاہے عمران خان کے بیٹے لندن میں بیٹھے ہیں انہیں بھی احتجاج میں شرکت کرنا چاہیے تھی، اصل مقدمات ان لوگوں کے خلاف درج کرنا چاہیے جو ان لوگوں کوورغلاکرکے یہاں لائے اورپھر 12ضلعوں سے ہوتے ہوئے فرارہوگئے،

انہوں نے کہاکہ ہائی کورٹ اورقوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی احتجاج کیاگیا اوریہ احتجاج قانون کے مطابق جیل میں بندقیدی کی رہائی کیلئے تھا، وزیراعلیٰ کوصوبہ کے معاملات پرتوجہ دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پختونوں سے متعلق مسائل پرانہوں نے کابینہ اوردیگرفورمز پربات کی ہے، ہم الزامات پرنہیں بلکہ حقائق پرمبنی واقعات کی تحقیقات کریں گے۔