وزیراعظم 8

وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاشا کے درمیان معاہدہ، جدت کو فروغ دینے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے نوجوانوں اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کے لئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (پاشا) نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو ) پر وزیراعظم آفس میں دستخط کئے ۔ یہ سٹریٹجک شراکت داری ملک بھر میں ہنر کی ترقی، نوجوانوں کی روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کے کاروباری اداروں کو فروغ دینے کے لئے نئی راہیں کھولے گی۔

پیر کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق ایم او یو پر نائب سیکرٹری وزیراعظم یوتھ پروگرام ڈاکٹر محمد علی ملک اور سیکرٹری جنرل پاشا علی حسنی نے دستخط کئے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں ، ڈاکٹر سونیا سلیم، پاشا کی سی ای سی ممبر اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن بھی دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔

اس شراکت داری میں کئی اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی جن میں نوجوانوں کی روزگار اور کاروباری مواقع کے لئے مشترکہ پالیسی کی وکالت کرنا شامل ہے۔ دونوں تنظیمیں مل کر ہنر کی ترقی کے نصاب کو باہمی طور پر تیار کریں گی اور اسے ٹیکنالوجی کے شعبے کی ضروریات کے مطابق باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں گی۔ مزید برآں اس شراکت داری کے تحت انڈسٹری کی حمایت سے سرٹیفیکیشن پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کے ہنر کی تصدیق کی جا سکے اور ان کے روزگار کے امکانات کو بہتر بنایا جا سکے۔

ان کوششوں کے علاوہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاشا نوجوان کاروباری افراد کی مدد کے لئے مینٹورشپ نیٹ ورک اور انکیوبیشن پروگرامز قائم کریں گے جن میں خواتین کی ز یر قیادت کاروباری اداروں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ممبر کمپنیوں کے ذریعے ساختی تربیت، اپرنٹس شپ اور کیریئر کے راستے تیار کئے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کامیابی کی واضح راہ فراہم کی جا سکے۔

یہ شراکت داری دونوں تنظیموں کے مشترکہ اقدامات میں مستقل برانڈنگ کو فروغ دینے کا بھی ارادہ رکھتی ہے تاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاشا ایک ہی متحدہ شناخت کے ساتھ بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنا اثرورسوخ قائم رکھیں۔یہ تعاون پاکستان کے نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

دونوں تنظیموں کے وسائل اور مہارت کو یکجا کر کے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاشا نوجوانوں کو بااختیار بنانے، جدت کو فروغ دینے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں معاونت فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ اس شراکت داری کے ذریعے دونوں تنظیموں کا مقصد پورے ملک میں نوجوان کاروباری افراد اور ماہرین کے لئے روشن مستقبل کا قیام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں