اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہائوس جانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں بیرسٹرگوہر نے وزیراعظم کے معاون سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ سے ملاقات کی اور اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سے حکومتی وفد کی ملاقات ہوئی ، سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس کو بھی شرکت کیلئے بلایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں سیکیورٹی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، ہم نیوکلیئر اسٹیٹ ہیں، بطور اپوزیشن ہم نے بھی ایک رول ادا کرنا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے عوام کے احساسات اور جذبات کو حکومت کے نوٹس میں لانا ہے۔صحافی نے استفسار کیا کہ کیا آپ اجلاس میں شرکت کیلئے اپنی پارٹی سے مشاورت کریں گے؟ بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات واضح ہیں، ایوان کے اندر اور باہر فیصلہ محمود اچکزئی کا ہوگا۔
صحافی نے سوال اٹھایا کہ کیا بانی پی ٹی آئی عید سے پہلے جیل سے باہر آ رہے ہیں؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا اللہ کرے آجائیں۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ وزیراعظم ہائوس جائیں گے؟ بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔بیرسٹر گوہر سے پوچھا گیا کہ مفاہمت کریں گے یا مزاحمت؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ سیاست میں دونوں چلتے رہتے ہیں، جب قومی سلامتی اسٹیک پر ہو تو ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔









