پشاور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے 10 بلین ٹری پراجیکٹ کی کامیابی کے لئے پرعزم ہے،جو بھی سرکاری منصوبہ بنے گا اس میں مناسب پیمانے پر شجر کاری کو یقینی بنایا جائے گا، صوبے اور ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے تمام ادارے اور محکمے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت شجرکاری مہم سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مون سون شجر کاری مہم 2021 کے تحت اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے سرکاری منصوبوں کے پی سی ونز میں شجرکاری کو لازمی شامل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جو بھی سرکاری منصوبہ بنے گا اس میں مناسب پیمانے پر شجر کاری کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کو رواں مون سون کی شجرکاری مہم کے تحت اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ اس مہم کے دوران 58 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، یکم اگست سے 14 اگست تک صوبے میں تقریبا 8 ملین پودے لگائے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہم کے دوران جنگلات میں اگنے والے 112 ملین پودوں کے تحفظ کا بھی ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کے دوران اب تک جنگلات میں اگنے والے 56 ملین پودوں کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یکم اگست سے 14 اگست تک شجرکاری کے 774 سرگرمیاں منعقد کی گئی ہیں، مہم کے دوران عوام اور منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے 11 لاکھ پودے لگوائے گئے ہیں۔
مہم کے دوراں نجی سطح پر شجرکاری کے لئے لوگوں میں 15 لاکھ سے زائد پودے تقسیم کیے گئے ہیں اور مہم کے سو فیصد اہداف کے حصول کے سلسلے میں بلدیاتی اداروں کے لئے شجرکاری کے الگ سے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔وزیراعلی نے مون سون شجر کاری مہم کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو مہم کے سو فیصد اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
محمود خان نے کہا کہ دیگر مقامات کے علاوہ نہروں، دریاں اور شاہراہوں کے کناروں پر بھی پودے لگائے جائیں اور تجاوزات سے واگزار کی جانے والی سرکاری اراضی پر بھی شجرکاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو اپنے حدود میں لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کو پابند بنایا جائے، تمام ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کو یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے مزید کہا کہ صوبے اور ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے تمام ادارے اور محکمے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کریں۔