کلین اینڈ گرین 163

وزیراعظم کے ویژن کے مطابق لاہورکو کلین اینڈ گرین بنانے کی کوشش کررہے ہیں’یاسمین راشد

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پرصوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں سینیٹر اعجاز چوہدری،صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹرمرادراس،کمشنرلاہورڈویژن کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل، چیئرمین لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی،ایم ڈی واسا،ایم ڈی پی ایچ اے ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران لاہورکوصاف رکھنے اور خوبصورت بنانے کیلئے مختلف اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔چیئرمین لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورایم ڈی پی ایچ اے نے لاہورکوصاف رکھنے اور خوبصورت بنانے بارے روڈ میپ کی تفصیلات پیش کیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق لاہورکو کلین اینڈ گرین بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی جلدتین ہزارملازمین کی بھرتی مکمل کرلے گی۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ لاہورکوہرصورت صاف اور خوبصورت دیکھناچاہتے ہیں۔لاہورکے اہم مقامات سے روزانہ کی بنیادپرکچرا اٹھایاجارہاہے۔شہرکی صفائی کیلئے ایل ڈبلیوایم سی کے نائٹ آپریشنزجاری ہیں۔لاہورشہرسے روزانہ کی بنیادپر 6ہزار ٹن سے زائد کچراصاف کیاجاتاہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ اگلے 15دن میں لاہور شہرکی صفائی اور خوبصورتی کو مزیدیقینی بنائیں گے۔لاہورکوصاف اورخوبصورت بنانے کیلئے تمام ادارے محنت کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کولاہورشہرصاف اور خوبصورت بنانے کیلئے روڈ میپ پیش کیاجائے گا۔لاہورکی صفائی کیلئے نائٹ سویپنگ جاری رہے گی۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ میڈیاکے ذریعے عوام میں صفائی ستھرائی کے حوالہ سے آگاہی مہم چلائی جائے۔لاہورکی صفائی کے حوالہ سے اگلے پندرہ روزبعددوبارہ اجلاس بلایاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پی ایچ اے لاہورکی سڑکوں کو خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔پی ایچ اے لاہورکے پارکوں کو کچراسے پاک رکھنے کیلئے مربوط حکمت عملی بنائے۔لاہورکوصاف رکھنے کیلئے تمام ادارے کوارڈنیشن کیلئے فوکل پرسنز مقررکریں۔لاہورکی تمام ڈرینزکی صفائی کویقینی بنایاجارہاہے اورلاہور کو آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے بھی حکمت عملی تیارکی جارہی ہے۔لاہورکی اہم شاہرائوں کی صفائی اور خوبصورتی کویقینی بنایاجائے۔صوبائی وزیر صحت نے عوام سے سڑک پرکچراپھینکنے کی بجائے ایل ڈبلیوایم سی کے ڈرمزمیں پھینکنے کی اپیل کی۔صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹرمرادراس نے کہاکہ لاہورکی صفائی کیلئے ایل ڈبلیوایم سی کے سویپنگ آپریشنز جاری رہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر شہرکی صفائی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کررہے ہیں۔سینیٹراعجاز چوہدری نے کہاکہ لاہورکی صفائی کویقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے مل کرکام کررہے ہیں۔لاہورکوتمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی صاف اور خوبصورت بنایاجاسکتاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں