اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کے چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والانے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ریلیف پیکج کے فورا بعد عوام پر پیٹرول بم گروانا قابل مذمت عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ تاریخ کا سب سے زیادہ اضافہ ہے، اس وقت پیٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 145روپے 82پیسے ہوگئی ہے جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6.27 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، حالیہ اضافے کے بعد مہنگائی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 8 روپے 3 پیسے مہنگا کردیا گیا ہے اور پیٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 142 روپے 62 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر کی قیمت میں 6 روپے 27 پیسے کا اضافہ کر کے فی لیٹر نئی قیمت 116 روپے 53 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 72 پیسے کا اضافہ کر کے فی لیٹر نئی قیمت 114 روپے 7 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔