اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پارلیمانی سیکریٹری ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ریاست خود خواتین ہراسگی کیس کی پیروی کرے گی۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پارلیمانی سیکریٹری ملیکہ بخاری نے کہا کہ عثمان مرزا اور نورمقدم کیس کی ریاست پیروی کرے گی۔
ملیکہ بخاری نے کہا کہ خواتین، بچوں کے استحصال کے ہرکیس کی پیروی کریں گے۔ ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ عثمان مرزا کے کیس میں دونوں ویکٹم اپنے پرانے بیان سے منحرف ہوگئے ہیں، اس لیے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس کیس میں خود پیش ہونگی تاکہ ملزم عثمان مرزا کو سزا دلائی جائے۔
ملیکہ بخاری نے کہا کہ قانون شہادت اور اینٹی ریپ قوانین خواتین کی کردار کشی کو روکتے ہیں، اگر آپ کے ساتھ کوئی ایسا گھنونا جرم ہوتا ہے تو ضرور ایف آئی آر کٹوا ئیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیونکہ ریاست اب آپ کے ساتھ کھڑی ہے، آپ کو ہرممکن طور پر ریاست انصاف دلوائے گی۔