شہباز شریف 12

وزیراعظم کی ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت

لندن(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نےحملے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی جانب سے رمضان کے بابرکت مہینے میں دہشت گردی کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑے نقصان سے بچایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں