اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے سی پیک فیز ٹو سے متعلق تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک فیز ٹو پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ، حکومت اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجیحی شعبوں پر کام کی رفتار کے جائزہ کے لئے اجلاس ہوا۔
اجلاس کو پاکستان اقتصادی راہداری کے فیز ٹو پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سی پیک فیز ٹو سے متعلق تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔ آمدنی بڑھانے کے لئے سرمایہ کاروں کو مفید ماحول کی فراہمی کے لئے تمام حکومتی ادارے مل کر کام کررہے ہیں۔
سی پیک فیز ٹو پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی ‘ ترقی و اصلاحات اسد عمر ‘ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر‘ مشیر خزانہ شوکت ترین ‘ مشیر قومی سلامتی معید یوسف ‘ معاون خصوصی شہباز گل‘ چیئرمین سی پیک خالد منصور اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اظفر امین نے بھی شرکت کی








