شہباز شریف

وزیراعظم کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو ترکیہ کے یوم جمہوریہ پر مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو ترکیہ کے یوم جمہوریہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تزویراتی شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔

ترکیہ کے 102ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس پرمسرت موقع پر اپنے پیارے بھائی صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو اپنی اور پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران صدر اردوان کی جرات مندانہ اور متحرک قیادت میں ترکیہ کی شاندار تبدیلی اور معاشی بحالی کو عالمی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے ترک بھائیوں کی کامیابیوں اور کارناموں پر فخر ہے اور ترقی کے اس سفر میں ہم ان کے ثابت قدم ساتھی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات، جغرافیے اور وقت سے بالا تر ، مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے کی بنیاد پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات صدر اردوان کی مدبرانہ رہنمائی میں تزویراتی شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں، کیونکہ ہم مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں وقت کی ہر آزمائش سے گزرتے ہوئے پائیدار تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مل کر کوشش کر رہے ہیں۔