اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو نشان عبرت بنانے کے لیے آرڈیننس لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہم معاشرے کو محفوظ مقام دینا چاہتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیرقانون فروغ نسیم اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری اور بیرسٹر علی ظفر نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے مجرموں کے خلاف سخت سزاوں پر مشتمل قانون لایا جائے، ایسا قانون لائیں کہ متاثرہ خواتین یا بچے بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون میں متاثرہ خواتین و بچوں کی شناخت کے تحفط کا خاص خیال رکھا جائے، ہم نے اپنے معاشرے کو محفوظ ماحول دینا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے زیادتی کے مجرمان کو سزا اور گواہوں کے تحفظ کے طریقے کار کے حوالے سے بھی وزیر قانون سے دریافت کیا جس پر وزیراعظم عمران خان کو اس قانون کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی جس کے بعد وزیراعظم نے اس آرڈینیس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہداہت کرتے ہو ئے مزید وقت دینے سے انکار کر دیا ۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ زیادتی کی روک تھا ک کے لئے ضروری اقدام کیے جائے اور فاسٹ ٹریک کے ذریعے انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنا ئی جائے ۔ سنگین نوعیت کے معاملے پر ایک لمحے کی تاخیر بھی نقصان دہ ہے ۔دن رات جو بھی کرنا پڑھے کریں لیکن معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں ۔زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کا آرڈیننس آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش ہونے کا قوی امکان ہے