شہباز شریف

وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

باکو(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علییف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی مثالی میزبانی پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 27 سے 29 مئی 2025 کو آذربائیجان کے شہر لاچین کے حالیہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر صدر علییف اور آذربائیجان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کو آذربائیجان کی جانب سے دی جانے والی مستقل حمایت پر صدر الہام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بھی مشکل وقت میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت کی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری بالخصوص آذربائیجان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ بات چیت، باہمی تعلقات کی مزید مضبوطی میں معاون ثابت ہوئی ہے.

وزیراعظم نے صدر الہام کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر صدر الہام علییف کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی۔