اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف اپنا4 ملکی دورہ مکمل کر کے تاجکستان سے وطن واپس پہنچ گئے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکی، ایران، آذربائیجان کے بعد اپنے چار ملکی دورے کی آخری منزل تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے سے وطن واپس روانہ ہوئے ۔
دوشنبے ایئرپورٹ پر تاجک نائب وزیراعظم حکیم خلیق زادہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو الوداع کیا ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
2روزہ دورہ تاجکستان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجک صدر امام علی رحمان سے دو طرفہ ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم نے تاجک صدر سے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے گفتگو کی اور جنوبی ایشیائی خطے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کی بھر پور حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس دورے میں گلیشئیرز کے تحفظ پر دوشنبے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی عالمی کانفرنس میں شرکت کی جس میں وزیراعظم نے شرکا کو ماحولیاتی تبدیلی کے پاکستان پر اثرات اور ماحولیاتی تبدیلی سے تحفظ اور گلیشئیرز کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے حوالے سے آگاہ کیا۔