تاریخی پیکج کا اعلان

وزیراعظم کا کراچی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے 1100 ارب کے تاریخی پیکج کا اعلان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے 1100 ارب روپے کے تاریخی پیکج کا اعلان کیا ہے، یہ پیکج وفاقی اور صوبائی حکومت نے مل کر مرتب کیا ہے، کراچی کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی کوآرڈینیشن عمل درآمد کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ہفتہ کو دورہ کراچی کے موقع پر کراچی کمیٹی کے اجلاس کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سید مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اس تاریخی پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ہم کوشش کریں گے کہ تین سال میں کراچی میں پانی کا مسئلہ مستقل حل ہو جائے، نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کے سپرد کیا گیا ہے جس نے اس پر کام بھی شروع کر دیا ہے، یہاں پر آباد غریب لوگ بے گھر ہوں گے جنہیں دوبارہ بسانے کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیوریج سسٹم کے حوالہ سے بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اسی پیکج میں اس مسئلہ کو بھی مکمل حل کیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ سالڈ ویسٹ کا مسئلہ بھی اس پیکج کے تحت ہی حل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے سرکلر ریلوے بھی اسی پیکج کے تحت مکمل ہو گا، کراچی میں گرین لائن منصوبہ بھی مکمل کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو مشکل حالات سے گزرنا پڑا ہے تاہم یہ مسائل اس کمیٹی کے تعاون سے حل کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں مسائل میں ایک مسئلہ یہ بھی درپیش تھا کہ مختلف علاقوں میں مختلف اداروں یا محکموں کی حدود تھیں جس کی وجہ سے اس پر عمل درآمد مشکل تھا، اب پی سی آئی سی میں سارے فریق ایک جگہ پر آ گئے ہیں ان میں وفاقی ، صوبائی حکومتیں اور پاک فوج شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اصل کام منصوبوں پر عمل درآمد کا ہے، امید ہے کہ کراچی کے لوگوں نے جو مشکل وقت گزارا ہے اب انہیں اس سے نجات ملے گی، کراچی میں سیلاب سے بھی کافی لوگ متاثر ہوئے ہیں ان کی کیسے مدد کی جائے اس پر بھی کام کر رہے ہیں، بلوچستان میں بھی بارشوں سے نقصان ہوا ہے ان کی مدد کیلئے وزیراعلی جام کمال سے بات ہوئی، خیبرپختونخوا میں سوات اور چترال میں لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال کورونا سمیت ہمیں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا یہ بڑا امتحان تھا، جس طرح ہم کورونا اور ٹڈی دل سے نکلے ہیں اسی طرح بارشوں اور سیلاب میں بھی سرخرو ہوں گے، ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں کورونا کیسز بڑھتے جا ہے ہیں، اس کی معیشت گری ہے تاہم جس طرح ہم کورونا سے نکلے ہیں شاید ہی کوئی ملک ایسے نکلا ہو، یہ مکمل مربوط کوششوں کا نتیجہ تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ایک سالہ وسط مدتی اور طویل المدتی منصوبوں پر عمل درآمد ہو گا اور یہ سارے مراحل تین سال میں مکمل ہو جائیں گے، اس کیلئے 1100 ارب روپے کا تاریخی پیکج وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر مرتب کیا ہے