شہباز شریف 31

وزیراعظم کا لانس نائیک محمد محفوظ شہید سمیت مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید سمیت مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو اپنے تمام شہداء پر فخر ہے، ہمارے بہادر سپوت ہی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں۔

لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر) کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے 1971 میں واہگہ اٹاری سیکٹر میں دشمن کی پیش قدمی کا ایسی بے مثال دلیری سے مقابلہ کیا جسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید جیسے بہادر سپوت ہی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1971 میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے اپنی جرات، دلیری اور بہادری سے ثابت کیا کہ پوری قوم دفاع وطن کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، بزدل دشمن کے وار سے زخمی ہونے کے باوجود لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے میدان جنگ میں دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی، ان کی میدان جنگ میں تاریخی بہادری آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں