رپورٹنگ آن لائن…
وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی احساس سکالرشپ پروگرام کے لئے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ایم بی بی ایس کے علاوہ ڈی پی ٹی اورالائیڈ ہیلتھ سائنسز کے 103 طلبا و طالبات نے درخواستیں دیں جن میں سے میرٹ پر آنے والے 57 انڈر گریجویٹ طلبا کا انتخاب کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان وظائف میں طلبا کی مکمل ٹیوشن فیس اور دیگر اخراجات پورے ہوں سکیں گے۔کوئی بھی ایسا طالبعلم جو مستحق ہو ادارہ اس کی تعلیمی اخراجات میں معاونت کرے گا۔ سکالرشپ کا مقصد معاونت کے ساتھ ساتھ طلبا کی تعلیمی میدان میں محنت اور قابلیت پر حوصلہ افزائی بھی ہے تاکہ طلبا اخراجات کے فکر کو چھوڑ کر اپنی تعلیم پر توجہ دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ وزیر اعظم پاکستان، ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان، چئیرمین احساس سکالرشپ پروگرام، چئیر مین شکالر شپ کمیٹی پروفیسر رانا دل آویز ندیم، نمائندہ ایچ ای سی سکالر شپ پروگرام محمد زبیر ملک اور تمام کمیٹی ممبران کا مشکور ہوں کہ جنہوں نے انتہائی شفافیت کے ساتھ میرٹ پر آنے والے امیدواروں کا انتخاب کیا اور حق داروں کو چنا۔
چئیرمین سکالر شپ کمیٹی پروفیسر رانا دل آویز نے تمام کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کم وقت میں انتہائی محنت کے ساتھ اس فرض کو نبھایا۔ طلبا کو سامنے بٹھا کر کسی کو خاندان کے مالی حالات بارے پوچھنا مشکل لگتا ہے اسی لئے آن لائن فارم کے ذریعے میرٹ اور شفافیت کے مطابق تکمیل کی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا ایچ ای سی کی ہدایت کے مطابق پہلی دفعہ ہم نے ڈی پی ٹی اورالائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبا کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا ہے تاکہ اس سے زیادہ سے ذیادہ طلبا مستفید ہو سکیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن سے زبیر ملک کا کہنا تھا کہ شفافیت اور میرٹ پر طلبا کو منتخب کرنے پر میں وائس چانسلر اور کمیٹی کا مشکور ہوں رواں سال ستمبر میں اس پروگرام کے تحت دوبارہ درخواستیں وصول کی جائیں گی جوطالبعلم سکالرشپ کے حق دار ہوں گے ان کو دوبارہ سے اس پروگرام کے تحت منتخب کیا جائے گا۔ اگر کوئی طالبعلم امتحان میں فیل ہوا تو اسکو منتخب نہیں کیا جائے گا۔ہم توقع کرتے ہیں کہ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
پروفیسر خالد مسعود گوندل نے احساس پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو وظائف دئیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبا و طالبات کو مزید محنت سے پڑھنے کی تلقین بھی کی۔ اس موقع پر سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے نمائندوں نے وزیراعظم پاکستان اور ایچ ای سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر سکالرشپ ملنے سے بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی۔ گاوں سے تعلق رکھنے والے مستحق طلبا کی مدد کا یہ مثالی طریقہ پہلی مرتبہ اپنایا گیا جس پر ہم سب مشکور ہیں۔