وزیر اعظم 225

وزیراعظم نے نئے نادرا رجسٹریشن سینٹر اور نئی موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کا واحد حل ٹیکنالوجی ہے، ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے شفاف انتخابات کرائیں گے جو سب قبول کریں گے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور نادرا کے ڈیٹا کو ٹیلی کر کے اکیسویں صدی کا الیکشن کرائیں گے جسے سب قبول کریں گے۔

جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے نئے نادرا رجسٹریشن سینٹر اور نئی موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کیا ،اس موقع پر وزیراعظم کو نادرا کے نئے اقدامات اور پروجیکٹس پر بریفنگ بھی دی گئی، وزیر اعظم عمران خان نے موبائل رجسٹریشن وین کا معائنہ بھی کیا۔ موبائل رجسٹریشن وین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس 30 لاکھ افغان مہاجرین ہیں، ایلین رجسٹریشن کارڈ کے ذریعے یہ شہری قانونی دائرے میں آ جائیں گے،کاروبار کر کے معیشت کا حصہ بن سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کا واحد حل ٹیکنالوجی ہے، ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے شفاف انتخابات کرائیں گے جو سب قبول کریں گے، ٹھپے لگانا اور ایک گھر میں 100,100ووٹ رجسٹرڈ کرانے کا عمل ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور نادرا کے ڈیٹا کو ٹیلی کر کے اکیسویں صدی کا الیکشن کرائیں گے جسے سب قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اصل کام شہریوں کی زندگی آسان بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں