ہائی کمشنر 54

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)آسٹریلیا کے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر ٹم کین نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم نے ہائی کمشنر کو ان کی تقرری پر مبارکباد پیش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تعیناتی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم نے 14 دسمبر 2025 کو بونڈائی بیچ، سڈنی میں دہشت گردوں کی فائرنگ میں معصوم جانوں کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی بلاشبہ مذمت کرتا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس کی ہر شکل اور صورت میں مذمت کی جانی چاہیے جب کہ اس لعنت کے خاتمے کے لیے اجتماعی کارروائی کی ضرورت ہے۔

پاکستان آسٹریلیا تعلقات کے مثبت رخ کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا اور زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں آسٹریلوی دلچسپی کا بھی خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے ریکوڈک کو پاکستان میں اس شعبے کی بے پناہ صلاحیت کی ایک روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے آسٹریلیا میں متحرک پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات کو بھی سراہا جس نے دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کا کام کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کرکٹ کے لیے دونوں اقوام کے مشترکہ جذبے سمیت پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مضبوط روابط اور ثقافتی رشتوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے آسٹریلوی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ ٹم کین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کرنے کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں