اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں ریلوے کے شعبہ میں تاریخ ساز ترقیاتی کام ہونے جا رہے ہیں، ایم ایل ون منصوبہ ایکنک نے منظور کر لیا ہے، اس منصوبہ سے ریلوے کا سارا سسٹم خودکار ہو جائے گا، ایم ایل ون منصوبہ میں 90 فیصد ملازمتیں پاکستانیوں کیلئے مختص ہوں گی،
ایم ایل ون منصوبہ سے نہ صرف ٹرینوں کی تعداد بڑھے گی بلکہ سفر کا دورانیہ بھی کم ہو گا، نالہ لئی پراجیکٹ پر بھی جلد کام شروع ہو جائے گا، ایم ایل ون منصوبہ کے بعد ایم ایل 2، ایم ایل 3 اور 4 منصوبہ بھی ہے، موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی۔
جمعرات کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میں پوری قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، 14 سال پہلے جس منصوبہ پر میں نے دستخط کئے تھے آج وزیراعظم عمران خان کی حکومت اس کی تکمیل کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس منصوبہ پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکر گذار ہوں، ایم ایل ون منصوبہ سے کراچی سے پشاور تک 1780 کلومیٹر کا ڈبل ٹریک پر کام ہو گا اور اس منصوبہ پر چین کے تعاون سے 6.80 بلین ڈالر لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ پر 90 فیصد پاکستانی لیبر کام کرے گی جس سے ڈیڑھ سے 2 لاکھ افراد کو روزگار میسر آئے گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے میں حادثات کی بڑی وجہ ریلوے کراسنگ ہے، اس منصوبہ سے خودکار سسٹم شروع ہو گا جس سے نہ صرف حادثات سے بچا جا سکے گا بلکہ سفر کی تکمیل میں بھی وقت کی بچت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اور ہم اسے ریلوے کا تاریخ ساز منصوبہ بھی کہہ سکتے ہیں کیونکہ ماضی میں ریلوے کی ترقی کے حوالہ سے اتنے بڑے منصوبے نہیں لائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون ملک کی تقریباً 71 فیصد آبادی سے گزر کر جائے گا جس سے شہریوں کو سفر کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مسافر ٹرینوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا جو 34 سے بڑھ کر 140 تک پہنچ جائیں گی۔
اس کے علاوہ مال بردار ٹرینوں کی تعداد بھی 160 تک لے کر جائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی میں بروقت ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا میری ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، جلد نالہ لئی پر کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ہم ایم ایل 2، 3 اور 4 پر کام کریں گے اور آنے والوں کیلئے ایسا سٹرکچر چھوڑ کر جائیں گے اگر وہ ریلوے کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیں تو انہیں کم لاگت سے منصوبوں پر کام کرنا پڑے گا۔
شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں دم خم نہیں رہا۔