اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان کا طلب کردہ وفاقی کابینہ کا اجلاس کل منگل کو ہو گا‘ اجلاس میں پاکستان اور تاجکستان مابین بین الاقوامی ہوائی روٹ کے قیام “پرانے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کی تاریخ میں توسیع کی بھی منظوری دی جائیگی ‘افغانستان سے متعلق ویزا پالیسی کے امور پر بھی غور ہو گا ۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان بین الاقوامی ہوائی روٹ کے قیام کی منظوری دی جائے گی اور افغانستان سے متعلق پاکستان کی ویزا پالیسی کے امور پر بھی غور ہو گا۔
اجلاس میں پاکستان اور عراق کے درمیان ایئرسروسز معاہدے میں کوڈ شیئرنگ شامل کرنے کی منظوری دی جائے گی اور اس موقع پر وفاقی کابینہ پرانے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کی تاریخ میں توسیع کی بھی منظوری دے گی۔ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کی توثیق کرے گی جب کہ اوگرا کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2019-20 بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔