وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان سے اہم چینی اداروں کے سربرہان کی ملاقات، سی پیک منصوبوں کا جائزہ لیا گیا

بیجنگ(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان اور چین کا نئی گرین، ڈیجیٹل، صحت، تجارتی اور صنعتی راہداریوں کے قیام کا فیصلہ ، دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کے فروغ کے معاہدے پر دستخط ہو گئے، 18سیکٹرز میں چین کے صنعت کار پاکستان سے تعاون کریں گے،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور پارٹنرشپ لازوال ہے، سی پیک منصوبوں نے ملک میں پائیدار معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے، پاکستان اور چین گوادر کو خطے کا معاشی مرکز بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے ،ایم ایل ون اور توانائی کے دیگر اہم منصوبوں کو بھی ترجیح دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو دورہ چین کے موقع پر چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے چیئرمین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،ملاقات میں چین کے سیاسی، مشاورتی کونسل کے وائس چیئرمین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سی پیک کے جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ چین اور پاکستان آزمودہ دوست ہیں، پاک چین تذویراتی شراکت داری ہر آزمائش پر پورا اتری، کوویڈ کے باوجود سی پیک منصوبوں پر کام جاری رہا، چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کا تعاون قابل تحسین ہے، سی پیک، بی آر آئی منصوبے کا اہم جزو ہے، سی پیک سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو رہے ہیں، سی پیک منصوبوں سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، سی پیک منصوبوں نے ملک میں پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد رکھ دی، کوویڈ کے باوجود مشترکہ تعاون سے سی پیک کے منصوبوں پر کام بتدریج آگے بڑھا،سی پیک کے ابتدائی فیز کے منصوبوں نے پاکستان کے معاشی منظر نامے کو بدل دیا ہے وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کا تعاون قابل تحسین ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے این ڈی آر سی اور دونوں اطراف کے متعلقہ حکام کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین دونوں کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ ایم ایل پر تیاری کے کام کو بھی ترجیح دیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین این ڈی آر سی نے کہا کہ چین سی پیک کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چین گزشتہ 7سال میں پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں،چینی ادارے سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے چینی سرکاری اور نجی اداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے ، چین سی پیک منصوبوں پر جلد پیشرفت کیلئے پرعزم ہے۔

دونوں فریقین نے نئی گرین، ڈیجیٹل، صحت، تجارتی اور صنعتی راہداریوں کے قیام کا فیصلہ بھی کیا۔دونوں فریقین کی جانب سے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور این ڈی آر سی کے درمیان صنعتی تعاون کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم بھی کیا گیا۔اس سے قبل چین میں پاکستانی سرمایہ کاری بورڈ اور چینی ہم منصب کے درمیان صنعتی تعاون کے فروغ کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے جس کی تقریب میں وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے آن لائن شرکت کی۔

پاکستان کی جانب سے وزیرِ مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن نے جبکہ چین کی جانب سے چیئرمین این آر ڈی سی ہی لائفنگ نے معاہدے پر دستخط کیے،وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 18سیکٹرز میں چین کے صنعت کار پاکستان سے تعاون کریں گے،انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورہ چین کا رسمی طور پر آغاز ہو چکا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے 18سے زائد سیکٹرز میں ویڈیو کانفرنسز کیں،فواد چوہدری نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان وفد کے ہمراہ اولمپک ویلیج میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، 20 سے زائد سربراہانِ مملکت سرمائی اولمپکس کی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔