شہباز شریف 35

وزیراعظم شہباز شریف کا خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر افسران و جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے شمالی وزیرِ ستان اور کرم میں کاروائیوں کے دوران 11 خوارج کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور پولیس کے جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر و فرض شناس افسروں اور جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت نہیں کر سکتا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان سمیت پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں