اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی کو سراہتے ہوئے پاکستان کے تیزی سے عالمی ڈیجیٹل فنانس کا حصہ بننے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکی کمپنی ’’ورلڈ لبرٹی فنانشل‘‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف کی قیادت میں وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے خصوصی معاون سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈیجیٹل ادائیگیوں میں جدت کے لیے پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈیجیٹل پاکستان کے حوالے سے اپنا وژن پیش کیا جس کا مقصد شہریوں کو زیادہ بہتر رابطوں، رسائی اور شفاف ذرائع کی سہولت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالیاتی جدت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی رفتار پاکستان کی وسعت اختیار کرتی ڈیجیٹل معیشت کا ایک اہم جزو ہے۔وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل فنانس کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔اس موقع پر زچری وٹکوف نے محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی جس میں سرحد پار ادائیگیوں اور زر مبادلہ کے عمل میں جدت شامل ہے۔
انہوں نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کو سراہا جس کی بدولت پاکستان عالمی ڈیجیٹل فنانس کے منظرنامے میں تیزی سے ابھر رہا ہے۔ انہوں نے آئندہ دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار لین دین میں جدت کے امکانات تلاش کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر حکومت پاکستان اور ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی (جو ورلڈ لبرٹی فنانشل کی منسلک کمپنی ہے) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد سرحد پار لین دین کے لیے درکار ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر باضابطہ بات چیت اور تکنیکی مہارت کو فروغ دینا ہے۔









