اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جے ڈی وینس کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے امریکی اور ایرانی وفود کے تعمیری مذاکرات کے عزم کا خیرمقدم کیا گیا اور امید کی گئی کہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کیلئے اپنا کردار جاری رکھنے کیلئےدونوں فریقوں کی سہولت کاری جاری رکھنے پرپرعزم ہے۔
اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں مذاکرات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ اس سے خطے کو استحکام کی طرف لے جانے میں مدد ملے گی۔
اس وقت فریقین کے نمائندوں کے علاوہ دنیا بھر کا میڈیا بھی اسلام آباد پہنچ چکا ہے اور سب کی نظریں اس بات چیت پر ہیں۔ایرانی وفد جمعہ کی شام کو پارلیمانی سپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا جبکہ امریکی نائب صدر ڈے جے وینس آج دارالحکومت پہنچے ہیں۔









