اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم کے ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد الاینانی نے پیر کو یہاںملاقات کی جس میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی اور اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر الاینانی کو بطور ڈائریکٹر جنرل یونیسکو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے، وزیراعظم نے جامع اور معیاری تعلیم کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور عالمی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے لائحہ عمل کو مضبوط بنانے کے حوالے سے یونیسکو کی بنیادی اقدار کی پاسداری کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے یونیسکو کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر الاینانی کی قابل قیادت میں تنظیم کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے مختلف اقدامات، بالخصوص ”ایجوکیشن ایمرجنسی”جس کا مقصد اسکول جانے کی عمر کے بچوں کے داخلوں میں اضافے جیسے اقدام پر روشنی ڈالی۔
وزیرِ اعظم نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے دور میں تعلیم کے شعبے میں حاصل کیے گئے تجربات، بہترین طریقوں اور کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان میں ثقافتی ورثے کے 6 مقامات کے تحفظ اور اس امر میں یونیسکو کے تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور یونیسکو کو کھیوڑہ سالٹ مائنز جیسی مزید جگہوں کو تقافتی ورثے میں شامل کرنے کی دعوت دی۔ ڈائریکٹر جنرل یونیسکو نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے مختصر دورے میں مختلف اسکولوں اور ثقافتی مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور تعلیم، سائنس اور ثقافت کے شعبوں میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کے لیے اپنے مسلسل عزم پر زور دیا۔








