دو حہ (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان دو طرفہ شراکت داری کے ایک اہم ستون کے طور پر نجی شعبے کی قیادت میں مصروفیات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔
قطر بزنس مین ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے ایک وفد نے پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس کی قیادت محترم شیخ فیصل بن قاسم الثانی، چیئرمین کیو بی اے کررہے تھے ۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دو طرفہ شراکت داری کے ایک اہم ستون کے طور پر نجی شعبے کی قیادت میں مصروفیات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے متعارف کرائے گئے اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کیو بی اے کے اراکین کو انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے لیے شفافیت، کارکردگی اور بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنانے کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر زور دیا۔ شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جس میں رواں ماہ کے آخر میں پاکـقطر سرمایہ کاری سے متعلق ٹاسک فورس کے دوحہ کے آئندہ دورے کے ساتھ ساتھ تجارتی فورمز کی میزبانی بھی شامل ہے تاکہ بات چیت کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے۔
دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور کاروباری افراد کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے خصوصی کوششیں کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو بڑھایا جا سکے۔ملاقات میں پاکستان اور قطر کے اپنے اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعاون کے ذریعے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔









