شہباز شریف

وزیراعظم سے سعودی عرب، قطر اور چین کے سفرا کی ملاقاتیں، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر غور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب، قطر اور چین کے سفرا نے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں مشرق وسطیٰ میں تیزی سےبدلتی صورتحال پرغور کیا گیا، وزیراعظم نے خطے مین قیام امن کےلیے قطر اور سعودی عرب کے مثبت کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے سفیر علی مبارک سے ملاقات میں گزشتہ رات ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں پر گفتگو کی اور قطری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے واضح کیا کہ پاکستان نےہمیشہ مسائل کےحل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر زور دیا ہے، مشرق وسطیٰ میں امن کا راستہ بھی صرف مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطی میں تیزی سےبدلتی صورتحال پرغور کیا۔وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، سعودی عرب کے برادر عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے بھی ملاقات کی، شہباز شریف نے چینی صدر اور چینی وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، آئندہ ایس سی اوسربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

چینی سفیر سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ سی پیک منصوبوں کےکامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم نے چین کی جانب سے مالی اور اقتصادی مدد کے لیے پاکستان کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے چین کی تعریف کی۔

ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص ایران اسرائیل تنازع میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، چینی سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔