لاہور(رپورٹنگ آن لائن) گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم اصولوں پر ڈٹے ہیں پیچھے نہیں ہٹیں گے، حکومت نے سخت فیصلوں کے بعد معیشت کو سنبھالا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سے وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک ودیگر نے ملاقات کی، اس موقع پر سیاسی صورت حال سمیت ملکی معاشی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، رہنماوں نے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام سیاسی مخالفین نہیں حکومتی بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم اصولوں پر ڈٹے ہیں پیچھے نہیں ہٹیں گے، حکومت نے سخت فیصلوں کے بعد معیشت کو سنبھالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہورہا ہے، حکومت کی توجہ ملک کوطویل مدتی استحکام دینے پر مرکوز ہے، معاشی استحکام کے لیے مختصر اور طویل مدتی پالیسیوں پر کام ہورہاہے، مضبوط معیشت کے لیے حکومت مشکل فیصلے بھی کر رہی ہے۔
چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسوں کا محور ہر شعبے میں عوام کو ریلیف دینا ہے، اداروں میں اصلاحات کے ساتھ میرٹ پر کام کررہے ہیں، کرونا سے بچنے کے لیے محرم میں بھی ایس او پیز پر عمل کر نا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سب نے مل کر کرونا کو شکست دینی ہے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔






