اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے چین کے سفیر یاؤجنگ نے الوداعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
چینی سفیر نے کہاکہ پاکستان کو تیزی سیابھرتا ہوا مستحکم اور خوشحال ملک دیکھ رہا ہوں، پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئی ہے ۔ چینی سفیر نے کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات قیادت کے وڑن کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ چینی سفیر نے وزیراعظم عمران خان کی عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کی سوچ کو سراہا۔
دونوں اطراف نے میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ثقافتی سفارتکاری عوام عوامی روابط کے فروغ، ایک دوسرے کی اقدار اور روایات کو سمجھنے میں انتہائی اہم ہے۔
چینی سفیر نے کہاکہ خواہش ہے کہ ثقافتی طائفے پاکستان کے چھوٹے شہروں اور قصبوں کا دورہ کریں تاکہ لوگوں کو چینی ثقافت سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل سکے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ثقافتی سرگرمیوں کو خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں پذیرائی ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ سی پیک میں زراعت کی شمولیت سے اس شعبے میں چینی تجربات سے استفادہ حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ میں یاو جنگ کی خدمات کو سراہا۔