اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ مراعات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم ادائیگی کے باعث ریٹائرڈ ملازمین کے خاندان مشکلات کا شکار ہیں، ریڈیو پاکستان جیسے ریونیو پیدا کرنے والے ادارے کو مالی وسائل کی شدید کمی کا سامنا باعثِ تشویش ہے۔
پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ریڈیو پاکستان کے 38 ملازمین کو 3 ماہ کے اندر پنشنری مراعات ادا کرائے، ریڈیو پاکستان کو فنڈز کی فراہمی کا معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھایا جانا چاہئے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سیکرٹری وزارت اطلاعات 3 ماہ میں ادائیگی کیلئے مجاز اتھارٹی سے منظوری لیں اور وفاقی محتسب کو تعمیل کی رپورٹ جمع کرائیں۔
تفصیلات کے مطابق سید پرویز حسین شاہ اور دیگر 37 شکایت کنندگان نے محتسب کو شکایت کی تھی۔ شکایت کنندگان کے مطابق مختلف تاریخوں پر سروس سے ریٹائر ہونے والے ان سابق ملازمین کے پنشن پیمنٹ آرڈرز جاری ہوئے مگر ادائیگی نہیں کی گئی۔ وفاقی محتسب نے ریڈیو پاکستان کی جانب سے متاثرہ ملازمین کو مالی مسائل کی بنیاد پر عدم ادائیگی کو بدانتظامی قرار دیتے ہوئے ریڈیو پاکستان کو ریٹائرڈ ملازمین کو رقوم کی ادائیگی کرنے کا حکم دیا تھا۔ وفاقی محتسب کے مطابق افسوس کہ سابقہ ملازمین بڑھاپے میں اپنے حقوق کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں،
بڑھاپے میں ایک ایک پیسہ ریٹائرڈ ملازم کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے۔ ریڈیو پاکستان نے محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی۔ صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ریڈیو پاکستان کی اپیل نمٹا تے ہوئے کہا کہ تسلیم شدہ قانون ہے کہ ریٹائرمنٹ مراعات ریاست کی جانب سے انعام نہیں، ریٹائرمنٹ مراعات ملازم کو تسلی بخش خدمات کی وجہ سے حاصل ہونے والا حق ہیں۔ صدر نے کہا کہ پنشنری فوائد کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین اور اہل خانہ کی مشکلات قابل ِتشویش ہیں، ریڈیو پاکستان نے خود اپنے ملازمین کو رقم کی ادائیگی کی ذمہ داری تسلیم کی ہے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی سیکرٹری وزارتِ اطلاعات 3 ماہ میں فنڈز کیلئے مجاز اتھارٹی سے منظوری لیں۔