سائوتھمپٹن(رپورٹنگ آن لائن)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل کے تیسرے روز بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں217 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،نیوزی لینڈ نے دووکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنا لئے،بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 116 رنز درکار ہیں، کم روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔ روز بائول، سائوتھمپٹن میں ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 146 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کو تو کپتان ویرات کوہلی گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر کائل جیمسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کو پانچواں نقصان بھی جلد اٹھانا پڑا جب رشبھ پنٹ 4 رنز بنا کر جیمسن کا نشانہ بن گئے،اجنکیا راہانے 49 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلنے کے بعد نیل ویگنر کی گیند پر ٹام لیتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے اس کے بعد بھارت کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 217 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ کائل جیمسن نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنا لئے اور بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 116 رنز درکار ہیں،ڈیون کونوے 54 اور ٹام لیتھم 34 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے کپتان کین ولیمسن 12 اور روس ٹیلر صفر پر ناٹ آئوٹ ہیں۔