آئی ایم ایف

وبا سے نمٹنے کیلئے اقدامات میں حکومتوں کو احتساب اورشفافیت کے عمل کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہئیے،آئی ایم ایف

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیروباسے نمٹنے کیلئے اقدامات میں حکومتوں کو احتساب اورشفافیت کے عمل کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہئیے۔

یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈز کی طرف سے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں کہی گئی ہے، پیغام میں کہاگیاہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے وبائے اثرات سے نمٹنے کیلئے 70 سے زائد ممالک کو ہنگامی بنیادوں پرمالی معاونت فراہم کی ہے، ان ممالک کو25 ارب ڈالر سے زائد کی معاونت فراہم کی گئی ہے۔

ویڈیو میں کہاگیاہے کہ آئی ایم ایف کا تمام حکومتوں کیلئے پیغام یہی ہے کہ وہ بحران کے دورمیں ضرورت کے مطابق اخراجات کرے لیکن اخراجات دانش مندانہ طریقے سے کئے جائے اوراس کی رسیدیں بھی رکھی جائے، اس عرصہ میں ہم احتساب کے عمل کو پس پشت نہیں ڈال سکتے۔پیغام میں کہاگیاہے کہ بدعنوانی ایک ایسی تباہ کن طاقت ہے جو معاشرے کو غریب اورکمزورطبقات کو سب سے زیادہ متاثر کررہی ہے،

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بدعنوانی کے خلاف اقدامات میں حکومتوں کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا ہے ،حکومتی خریداری معاہدوں کی آن لائن اشاعت ، آزادانہ آڈٹ اور اینٹی کرپشن وانسداد منی لانڈرنگ کی حوصلہ شکنی کیلئے حکومتوں کے ساتھ مل کرکام کیا جارہاہے

اوراس بارے اقدامات
کیلئے حوصلہ افزائی بھی کی جاتی ہے۔پیغام میں کہاگیاہے کہ بدعنوانی کرنے والے اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹتے اس صورتحال میں حکومتوں، سول سوسائٹی، بین الاقوامی تنظیموں اورنجی شعبہ کو مل کراقدامات کرنا ہوں گے۔