لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب نے کہا ہے کہ والٹن ائیر پورٹ کو بند کر کے عمران خان اپنے دوستوں کو نوازنا چاہتے ہیں ، ملک کا سب سے بڑا قبضہ مافیا کا سرغنہ عمران خان نیازی ہے،ہم والٹن ائیر پورٹ پر چار سو ارب روپے کا ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ،شہزاد اکبر اور فروغ نسیم کی ڈیوٹی شریف فیملی کو سزا دلوانے کی ہے اور وہ جو ممکنہ کام کرسکتے کررہے ہیں، جتنے مرضی کیسز بنا لیں سیاسی انتقام کے نام پر احتساب کو پہلے بھی بھگتا ہے ا ب بھی بھگت لیں گے،احتساب کی فلم اعلی عدالتوں میں بری طرح پٹی ہے،چیلنج کرتے ہیں پنجاب میںکوئی ایک بھی ایسی یونیورسٹی نہیں جس کی ایک اینٹ حکومت نے لگائی ہو،یہ راجہ گدھ ہیں ،منصوبے و تختیاں چوری اور تصاویریں کھنچواتے ہیں،مئی دو ہزار اکیس میں عمران خان نے کہا مہنگائی سے نیند نہیں آتی لیکن اگست میں کہاکہ ملک میں مہنگائی نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ اور پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات پر انتہائی دکھ ہے ،وہ پوری جدوجہد کشمیر تھے ،سید علی گیلانی کے انتقال پر نہ صرف کشمیری بلکہ پاکستانیوں کو بھی رنج ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ خان کے خلاف چیئرمین نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کیس کی منظوری دی ، آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سب سے پہلے عمران خان پر ہونا چاہیے ،تین سو کنال گھر پر دو لاکھ روپے ٹیکس کیسے دیتے ہیں ؟۔ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیسز کے ججز کا ٹرانسفر ہوا جو پہلی بار نہیں ہوا ،پہلے بھی وٹس ایپ پر ٹرانسفر ہوئی،شہزاد اکبر اور فروغ نسیم کی ڈیوٹی صرف شریف فیملی کو سزا دلوانے کیلئے ہے او روہ جو ممکنہ کام کرسکتے وہ کررہے ہیں، جتنے مرضی کیسز بنا لیں سیاسی انتقام کے نام پر احتساب کو پہلے بھی بھگتا ہے اب بھی بھگت لیں گے ،احتساب کی فلم اعلی عدالتوں میں بری طرح پٹی ہے۔
انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں گینگ ریپ معمولی بات ہو گئی ہے کیسز پر نوٹس اور بات ہوتی ہے عمل کچھ نہیں،پی آئی سی ہسپتال میں مریضوں کو ایکسپائرڈ سٹنٹس ڈالے گئے یہی وہ کارکردگی اور کارنامے ہیںجس پر شادیانے بجارہے ہیں، غربت سے جو لوگ مر رہے ہیں کیا ان کی محرومی کا جشن منایا گیا،جس کے پاس کچن چلانے کیلئے پیسے نہیں ان کی محرومیوں کا جشن منایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائرایجوکیشن کی ویب سائٹ پر چھ یونیورسٹیوں کا نام و نشان نہیں ،جی سی کالج ساہیوال کویونیورسٹی بناکر اعلان کررہے ہیں ،بابا گرونانک یونیورسٹی نواز شریف نے بنائی ،جھنگ کالج مری کوہسار کالج میں اپنی تختی لگالی گئی چکوال میں یو ای ٹی کا سب کیمپس شہبازشریف نے بنایا،چیلنج ہے کوئی ایک بھی یونیورسٹی نہیں جس کی ایک اینٹ حکومت نے لگائی ہو ،یہ راجہ گدھ ہیں ،منصوبے و تختیاں چوری اور تصاویریں کھنچواتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا فنڈز میں دو ارب روپے کی بے ضابطگیاں ہوئیں ،حاجی صادق و امین کے خلاف کارروائی اب نظر نہیں آ رہی، تیراں ہسپتالوں میں مفت ادویات نہ ہونے سے وہ بند ہو گئے ،چھپن ارب چھیالیس کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی جس میں حکومتی لوگ ملوث ہیں ،مردہ پنشنرز اور جعلی شناختی کارڈ پر ادائیگیاں کی گئیں، قرآن اکیڈیمی میں غیر قانونی نوکریاں دی گئیں، اربوں روپے کے ٹھیکے دئیے گئے،پنجاب کے غیر ترقیاتی فنڈز میں بارہ فیصد کا آڈٹ ہوا باقی کا آڈٹ نہیں ہوا، محکمہ زراعت میں بارہ ارب روپے کا غبن، پولیس جیل خانہ جات میں اکیس ارب روپے ، محکمہ اطلاعات میں ترانوے کروڑ روپے ریکارڈ نہیں، چھپن ارب روپے کا ٹیکہ لگا کر ٹیکہ والے بھاگ گئے، رمضان بازار دو ارب بیس کروڑ روپے کا نقصان پہنچایاگیا، چھپن ارب چھیالیس کروڑ کسی کے باپ کا پیسہ نہیں جو آڈٹ سے بھاگ گئے،وزیر اعلی کے حکم پر تحصیل تونسہ کوہ سلیمان میں اراضی کے ریکارڈ میں آگ لگ گئی ہے، عمران خان بزدار کو بلا کر پوچھیں تحصیل تونسہ اور کوہ سلیمان میں کیوں آگ لگی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ والٹن ائیر پورٹ کو بند کر دیا گیا ، اس کے ذریعے عمران خان اپنے دوستوں کو نوازنا چاہتے ہیں ،سنٹرل ڈسٹرکٹ بزنس بنانا چاہتے ہیں جو ساٹھ ارب نہیں چار سو ارب کی ڈھائی سو ایکٹر زمین ہے،نناوے سال کی لیز پر لاہور سنٹرل ڈسٹرکٹ بزنس کو دیدیا گیا، ملک کا سب سے بڑا قبضہ مافیا کا سرغنہ عمران خان نیازی ہے، ملکی تاریخ کاکرپٹ ترین حکمران عمران نیازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والٹن ائیر پورٹ پرمخدوم ہاشم جواں بخت کو کمیٹی کا سربراہ بناکر چار سو ارب روپے کی زمین فروخت کیو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میںچینی کا سکینڈل آیاجوایک سو بائیس ارب روپے کا ہے ، آٹے کا ستر ارب کا سکینڈل سامنے آیا لیکن ایک بھی گرفتاری نہیں ہوئی، ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا ذریعہ آمدن کیا ہے ، کس طرح سینکڑوں کنال کے محل کے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دس سالہ دور میں کرپشن کی ایک بھی کہانی سامنے نہیں آئی، عمران خان نے آخری کمنٹری 90ء کی دہائی میں کی دو ہزار اکیس تک کمائی چل رہی ہے اور یہ بھی ایک معجزہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم والٹن ائیر پورٹ پر چار سو ارب روپے کا ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ،جو سرکاری افسر زمین ہتھیائیں گے یاغیر قانونی قبضہ کرنے کی کوشش کی تو ثبوت اکٹھے کر لئے انہیںجیل کی سلاخوں میں بھیجیں گے،والٹن ائیر پورٹ کی زمین ننانوے سال کی لیز پر کیوں دی ؟کیا آپکے وزیر جیل پروف ہیں جواربوں ڈاکے ڈال کر بھی کرسیوں پر بیٹھے ہیں، غلام سرور نے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کی، راولپنڈی رنگ روڈ کا سکینڈل پر جواب کیوں نہیں دیتے؟،یہ ایسا دور ہے جب کروڑوں کے سکینڈل پر کوئی ایکشن نہیں لیتا، مخدوم ہاشم جواں بخت اس منصوبے سے دور رہیںکہیں آپ کو جیل نہ جانا پڑ جائے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے چار کروڑ روپے سے زمان پارک میں کوٹھی بنائی بتائیں اس کے لئے پیسہ کہاں سے آیا ،اگر شفاف تحقیقات ہوں تو عمران خان کے نااہل اور جیل جانے کے ثبوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیروز والا کی زمین کاغذات نامزدگی میں عمران خان نے خود کی ملکیت ظاہر کی اس پر کام کرکے پٹیشن دائر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے دورہ کراچی پر کہاکہ قومی مفاہمت چاہتے ،تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوں ،شہبازشریف نے کہا کہ اگلے الیکشن کو شفاف بنانے اور مسائل حل کرنے کیلئے تمام جماعتیں اکٹھی ہوں ۔