واشنگٹن(ر پورٹنگ آن لائن)امریکی وزارت خارجہ میں ایک اعلی سطح کے ذمے دار نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن میں افغان سفارت خانہ رواں ہفتے اپنی خدمات بند کر دے گا۔ اس اقدام کی وجہ افغان سفارت کاروں کا اپنے دارالحکومت سے رابطہ منقطع ہونا اور مالی رقوم ختم ہو جانا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذکورہ ذمے دار نے بتایا کہ گذشتہ برس اگست میں کابل کے طالبان کے ہاتھوں میں جانے سے قبل واشنگٹن میں 25 سفارت کار افغان ریاست کی نمائندگی کر رہے تھے۔
ان افراد کو امریکا میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ قیام برقرار رکھنے کے لیے جلد ہی نیا ویزا حاصل کرنا ہو گا۔ذمے دار نے اپنی نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر تصدیق کی کہ امریکی وزارت خارجہ ان افغان سفارت کاروں کے ساتھ رابطہ کاری کر رہی ہے تا کہ سفارت خانے کا کام منظم طریقے سے بند کرنے کو آسان بنایا جائے۔ اس کا مقصد دوبارہ کام شروع ہونے تک امریکا میں افغان سفارتی مشن کی تمام املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔امریکی ذمے دار کے مطابق وزارت خارجہ طالبان کی جانب سے مقرر کیے جانے والے سفارت کاروں کی فی الوقت منظوری دینے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے۔ یہ اس صورت میں ہو سکے گا جب امریکا کابل میں حکومت کو سرکاری طور پر تسلیم کرے۔