پنجاب یونیورسٹی

وائس چانسلر نے پنجاب یونیورسٹی میں شجرکاری مہم کا آغازکر دیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)جشن آزادی کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام روٹری کلب لاہور گیریژن کے اشتراک سے شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، قائمقام وائس چانسلر کمالیہ یونیورسٹی/ پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی عابد خان شیروانی، صدر روٹری کلب لاہور جی آر صدیقی، فیکلٹی ممبران اور تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، سرکاری افسران اور این جی اوز سمیت متعدد تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

پروفیسرڈاکٹر خالد محمود نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کاآغازکرتے ہوئے کہا کہ قدرتی ماحول کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد درخت لگائیں اور بہتر مستقبل کے لیے ان کی دیکھ بھال کریں۔ ڈاکٹر ساجد رشید نے شرکاء کو خوش آمدید کرتے ہوئے درختوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ زمین پر موجود تمام جانداروں کی بقاء کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو شجر کاری مہم میں حصہ لینا چاہیے۔اس موقع پر عابد خان شیروانی، محمد کاشف، جی آر صدیقی اور مسز مریم اعجاز سمیت دیگر مہمانوں نے بھی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے سبزہ زار میں متعدد پھل دارپودے لگائے۔