فیصل آباد/تاندلیانوالہ (رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو خود مختار بنانے کیلئے آئی ٹی اور ٹیکنیکل ٹریننگ دینے کے منصوبے شروع کئے جائیں ،آئی ٹی کیلئے صرف بڑے شہروں پر توجہ مرکوز نہ کی جائے بلکہ چھوٹے شہری اور دیہی علاقوں میں بھی ادارے قائم کئے جائیں ،وئیر ہائوسز کے قیام کی ہماری تجویز پر عمل کر کے کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے وسائل کی دستیابی کی فکر سے چھٹکارا دلایا جا ئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے آسان شرائط پر بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں ، دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کی روش کو ترک کیا جائے تاکہ وہ بھی قومی دھارے میں شامل ہو سکیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم علاقے کی محرومیاں دور کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کر رہے ہیں ، ان شا اللہ جب بھی اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔
علاقے کی تمام برادریوں سے بلا تفریق مضبوط روابط ہیں ،ہم نے اپنے مضبوط اتحاد کے ذریعے علاقے کے مسائل کو حل کرانا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آج کسان کا کوئی پرسان حال نہیں ، کسان اپنی اگلی فصل کیلئے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہے ،حکومت کسان کو اس پریشانی سے چھٹکارا دلانے کے لئے آئندہ بجٹ میں وئیر ہائوسز کے قیام کی ہماری تجویز پر عمل کرے ۔