ہمایوں اختر

وئیر ہائوسز ،فیئر پرائس شاپس کے قیام سے کسانوں کو مڈل مین سے چھٹکارا دلایا جا سکتاہے ‘ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ( رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں میں تعلیم ، صحت ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی بنیادی سہولتوں سمیت ناگزیر انفراسٹر اکچر کی فراہمی کیلئے پسند اور نا پسند کی تفریق کے بغیر خصوصی فنڈز کا اجراء کرے ،اجناس ذخیر ہ کرنے کیلئے وئیر ہائوسز اور زرعی لوازمات کی فراہمی کے لئے فیئر پرائس شاپس کے قیام سے کسانوں کو مڈل مین سے چھٹکارا دلایا جاسکتا ہے

این اے 97کے باسیوں کی محرومیاں دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کسانوں کے زرعی ٹیوب ویلوں کے لئے سولرائزیشن کے منصوبے کی شرائط پرنظر ثانی کی جائے ،پہلے مرحلے میں صرف ساڑھے7ہزار کسانوں کو زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے سولر سسٹم کی فراہمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ،بجلی کی قیمت جس سطح پر پہنچ چکی ہے

حکومت دوسرے منصوبوں میں کٹ لگا کر ان کے فنڈز اس منصوبے کی طرف منتقل کرے ۔ انہوںنے کہا کہ تاندلیانوالہ، ماموں کانجن اور کنجوانی کے لاکھوں باسی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، نکاسی آب کے مسائل انتہائی گھمبیر ہیں جس کی وجہ سے عوام کے لئے زندگی گزارنا محال ہے ۔

مطالبہ ہے کہ ماموں کانجن کو ایم تھری موٹر وے سے انٹر چینچ دیا جائے تاکہ لوگوں کو سفر میں آسانی ہو سکے ۔ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے ان میں مایوسی بڑھ رہی ہے ،ہنر مند اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو با عزت روزگار دینے کے لئے ہماری دی گئی انڈسٹریل زون کے قیام کی تجویز پر پیشرفت کی جانی چاہیے ۔