شاہد خاقان عباسی

(ن) ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم ہو جائے ساتھ چلنے کو تیار ہوں’شاہد خاقان عباسی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)اگر ووٹ کو عزت دو کے اپنے بیانیے پر قائم ہو جائے تو ساتھ چلنے کو تیار ہوں،میرا اختلاف کسی عہدے یا شخصیت پر نہیں .

مسلم لیگ (ن)ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم تھی اور اگر وہ اپنے بیانیے پر دوبارہ قائم ہو جائے تو ساتھ چلنے کو تیار ہوں،ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے اختلافات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرا ان سے کوئی اختلاف نہیں رہا ، سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس دوتہائی اکثریت ہے ، اسمبلی کی مدت تاحیات کر سکتے ہیں، پاکستان میں آئین ہے اور ہم نے اس کے مطابق چلنا ہے اور اگر نظام درست نہیں ہے تو ہمیں اس کو تبدیل کرنا چاہیے جبکہ ہائبرڈ نظام اگر آئین کے مطابق نہیں تو آئین کوبدل دیں۔

شاہد خاقان عباسی نے 26 ویں ترمیم کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا کہ 26 ویں ترمیم نے آئین کی روح کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے پاس اسٹریٹ پاور ہے جو حکومت کو مفلوج کرسکتی ہے اس لیے مولانا فضل الرحمان کی بات سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے۔