مریم نواز 275

(ن) لیگ کی سیاست بند گلی کی جانب نہیں جا رہی، مریم نواز

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نوازنے کہا ہے کہ( ن) لیگ کی سیاست بند گلی کی جانب نہیں جا رہی ، میں ادارے کے مخالف نہیں ہوں ، فوج میرا ادارہ ہے۔جمعرات کوبرطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں مریم نواز نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات ہو سکتی ہے لیکن چھپ کر نہیں، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بات چیت پرغورکیاجاسکتا ہے ، اسٹیبلشمنٹ نے میرے ارد گرد موجود بہت سے لوگوں سے رابطے کیے لیکن کسی نے مجھ سے براہِ راست رابطہ نہیں کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ فوج میرا ادارہ ہے، آئین کے دائرہ کارمیں رہ کر ضرور بات کریں گے، میں ادارے کے مخالف نہیں ہوں ، تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کر سکتی ہوں۔مریم نواز نے کہا کہ ڈائیلاگ تو اب پاکستان کے عوام کے ساتھ ہو گا، عوام سے ڈائیلاگ پر جعلی حکومت گھبرائی ہوئی ہے، حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ ردعمل کیسے دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ( ن) لیگ کی سیاست بند گلی کی جانب نہیں جا رہی، میرا خیال ہے بند گلی میں وہ جا رہے ہیں جنھوں نے یہ مصنوعی چیز بنانے کی کوشش کی ، ملک میں ووٹ کو عزت دو اور ریاست کے اوپر ریاست مت بناکابیانیہ گونج رہا ہے۔

انہوں نےکہا کہ مائنس عمران خان فارمولا وقت آنے پر دیکھا جائے گا، تحریک انصاف کے ساتھ کسی بھی قسم کا اتحاد انھیں معافی دینے کے مترادف ہو گا، میری نظر میں اب ان کے احتساب کا وقت ہے، یہ خود چیزیں غائب کرتے ہیں اور پھر مہنگائی کر کے مارکیٹ میں لے آتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں