لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں معیشت ترقی نہیں بلکہ تنزلی کی راہ پر گامزن تھی ،سابقہ دور میں روپے کی قدر کو مصنوعی طریقے سے بڑھایا گیا اور اس کے اصل سطح پر واپس آنے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا،
مسلم لیگ (ن) کے نام نہاد تجربہ کاروں نے تاریخ کے مہنگے ترین کمرشل قرضے لئے جس سے معیشت کیلئے سانس لینا مشکل ہو گیا تھا ، کورونا وائرس کی وباء تھمنے کے بعد انشا اللہ معیشت کی رفتار دوبار بڑھے گی ۔ اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے معیشت پر کاسمیٹیکس کا لیپ کیا ہوا تھا.
جس کی تہہ اترنے سے حقائق عوام کے سامنے آ گئے تھے ۔ مسلم لیگ (ن) والے جواب دیں روپے کی قدر کو کس لئے مصنوعی طریقے سے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ، کیا انہیں نہیں معلوم تھا جب روپیہ اپنی اصل سطح پر آئے گا تو عوام کن مشکلات سے دوچار ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جن مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈورسنبھالی عوام اس سے آگاہ ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچا اورمعیشت کی سانسیں بحال ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کی معیشتیں مشکلات سے دوچار ہوئی ہیں لیکن ہم مایوس نہیں اور حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے بروقت اقدامات سے تمام شعبوں کو سہارا ملا ہے اور کورونا وائرس کی وباء تھمنے کے بعدانشاا للہ معیشت کی رفتار دوبارہ بڑھے گی ۔