اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے(ن) لیگ کو سیکورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق نے کل سیاسی مخالفت میں گھٹیا حرکت کی۔
مسلم لیگ( ن) ملک کے لیے سیکورٹی رسک بن چکی ہے۔ این آر او نہ ملنے پر مسلم لیگ( ن) نے اپنی اصلیت دکھا دی۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ایاز صادق نے کل سیاسی مخالفت میں گھٹیا حرکت کی۔شہباز گل کا کہنا تھا کہ ان کی حرکت سے پورے پاکستان کو پتہ چل جانا چاہیئے کہ مسلم لیگ( ن) اپنی کرپشن کے ٹکے بچانے کے لیے سیکورٹی رسک بن چکی ہے۔
غداری اور کیا ہوتی ہے؟انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں آج کل غداری کے سرٹیفیکیٹ بٹ رہے ہیں، کیا ملکی سلامتی پر پہلے کبھی ایسے حملے ہوئے؟ یہ غداری ہے۔شہباز گل کا کہنا تھا کہ این آر او نہ ملنے پر جس طرح مسلم لیگ( ن) نے اپنی اصلیت دکھائی یہ اب سب کے سامنے ہے، سپاہی مقبول نے زبان کٹوا دی لیکن کچھ نہ کہا اور ایک یہ ہیں جن کی زبانیں رکتی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ اپنے مفاد تک محب وطن ہیں ورنہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، اللہ نے یہ سعادت بھی عمران خان کو دی کہ ان کے اصل چہرے عوام کے سامنے آئے۔