لاہور( رپورٹنگ آں لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے سنجیدہ رہنما دبے الفاظ میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی معاشی میدا ن میں کامیابیوں کو تسلیم کررہے ہیں لیکن انہیں جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی قیادت کے سامنے بھی اس کاذکر کرناچاہیے،مسلم لیگ (ن) ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کچھ وقت کیلئے اپنی منفی سیاست کو قرنطینہ کر لے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہرلمحے معاشی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہیں اور کورونا وائرس کے معیشت اور کمزور طبقات پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کرنے کیلئے سوچ بچار کر رہے ہیں ۔ حکومت کی دن رات کی کاوشوں کے باوجود اپوزیشن کا منفی رویہ قابل مذمت ہے ۔ یہ وقت سیاست چمکانے کا نہیںبلکہ کندھے سے کندھاملا کر چلنے کا ہے کیونکہ سیاست کیلئے بڑا وقت پڑا ہے ۔
انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں مرکزی بینک کی جانب سے بھی متعدد اعلانات کئے گئے ہیںجو حکومت کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ مرکزی بینک کے اقدامات موجودہ حالات میں ضروریات پوری کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ حکومت مقامی سطح پر سرمائے کی قلت کو دورکرنے کے لئے ٹیکس ری فنڈز کی جلد سے جلد ادائیگی کو یقینی بنا رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ زرعی اور تعمیراتی شعبوںکو فعال رکھنے کے لئے بھی عملی اقداماتاٹھائے گئے ہیں ۔